راولپنڈی (راجہ ساجد دھنیال) انجمن فیض الاسلام کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل ضیا الحق شہید علمائے کرام کی بہت عزت و تکریم کرتے اور ان کے بڑے قدر دان تھے جبکہ یتیم اور بے سہارا بچوں کے سر پر دست شفقت رکھتے جس کا ایک بڑا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے انجمن فیض الاسلام فیض آباد مرکز میں یتیم بچوں کیلئے ہائی سکول اپنے خرچ اور نگرانی میں تعمیر کروایا جس سے ہزاروں کی تعداد میں بچے فیض حاصل کر چکے اور کر رہے ہیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے حکم پر 1943 ء میں انجمن فیض الاسلام کا ادارہ قائم ہواقائد اعظم اگر انجمن کے بانی ہیں تو سابق صدر جنرل محمد ضیاء الحق اس کے معماروں میں سب سے نمایاں اور اولین حیثیت رکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق شہید صدر کی برسی کے حوالے سے انجمن فیض الاسلام کی جامع مسجد میں منعقدہ خصوصی دعائیہ تقریب سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ انجمن فیض الاسلام کے محسنین میں شامل ایک بڑا نام سابق صدر پاکستان جنرل محمد ضیاء الحق کا ہے جن کے ذریعے اللہ تعالی کی طرف سے دئیے گئے فیض الاسلام ماڈل سیکنڈری سکول فیض آباد سے نہ صرف انجمن فیض الاسلا کے یتیم بچے علم کا نور حاصل کر رہے ہیں بلکہ ڈے سکالر ز بھی اس سہولت سے بھر پور فیض اٹھا رہے ہیں. اپنے اس محسن کی برسی کے موقع پر انجمن فیض الاسلام کے ”اپنا گھر“ میں مقیم طلبہ نے صبح اور ظہر کی نماز کے بعد خصوصی قرآن خوانی کی اور شہید ضیاء الحق کے درجات کی سربلندی کیلئے اللہ رب العزت سے دعائیں مانگیں. دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر انجمن پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد اور جنرل سیکریٹری راجا فتح خان نے شاندار الفاظ میں سابق صدر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور انجمن فیض الاسلام کیلئے ان کی خدمات پر روشنی ڈالی. انہوں نے کہا کہ جب جنرل محمد ضیاء الحق آرمی ہاؤس سے ایوان صدر منتقل ہوئے تو انہوں نے انجمن فیض الاسلام کے یتیم بچوں سے اس کا افتتاح کروایا تھا اور وہ ان بچوں سے خصوصی شفقت برتتے تھے. جنرل ضیاء الحق نے قومی سطح پر سالانہ سیرت کانفرنس شروع کروانے کا فیصلہ بھی انجمن فیض الاسلام میں ہی کیا تھا. جنرل ضیاء الحق نے اپنے پہلے دورے کے موقع پر انجمن فیض الاسلام میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا اتنا بڑا اور پر جوش استقبال آرمی والوں نے نہ کیا تھا جتنا انجمن کے بچوں نے کیا. راجا فتح خان نے کہا کہ جنرل محمد ضیاء الحق شہید نہ صرف یتامی سے خصوصی پیار کرتے تھے بلکہ انہوں نے انجمن کے فیض آباد مرکز میں ہائی سکول کی عمارت تعمیر کروائی اور بہت سے دیگر معاملات میں انجمن کی خدمت کی.. شہید صدر علمائے کرام سے بھی خاص انس اور محبت رکھتے تھے. اس سے قبل نماز فجر کے بعد اور نماز ظہر کے بعد اپنا گھر کے مقیم بچوں نے خصوصی طور پر قرآن خوانی کی اورشہید صدر کے درجات کی سربلندی کے ساتھ انجمن کے دیگر محسنین اورملک کی آزادی و سلامتی کیلئے شہادت پانے والوں سمیت امت مسلمہ کے تمام مرحومین کے درجات کی بلندی، مغفرت اور بخشش کی دعا کی گئی۔
کوئی تبصرے نہیں